عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے مرہامہ علاقے میں ہفتہ کو ایک سکول میں گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک باورچی اور ایک بچہ جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ مڈل سکول جعفر پورہ مرہامہ اننت ناگ میں گیس دھماکہ ہوا جس میں ایک 50 سالہ خاتون حاجرہ اور ایک چار سالہ بچہ ضیان ولد محمد اشرف زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں کو ابتدائی طور پر ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ منتقل کیا گیا تھا اور بعد میں انہیں مزید علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر بھیجا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خاتون سکول میں باورچی تھی اور دھماکے کی وجہ گیس سلنڈر کا لیکیج بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے سے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔