عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے جمعرات کو کہا کہ حلقہ گڑھا منہاساں، پرگوال، جموں کے ایک پٹواری کو اس کے ایجنٹ کے ساتھ 25000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔
اے سی بی ترجمان نے ایک بیان میں کہا ، ” اے سی بی کو ایک شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پرویز احمد، پٹواری، حلقہ گڑھا منہاسن، پرگوال، جموں، ریونیو ریکارڈ میں عدالت کی ہدایات درج کرنے کیلئے 30 ہزار روپے کی رشوت مانگ رہا ہے، جو زمین 17 مرلہ زمین کی پیمائش خسرہ نمبر 654 کے تحت گڑھا منہاساں، تحصیل پرگوال، جموں میں واقع ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ نے متعلقہ پٹواری کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی کیونکہ وہ رشوت نہیں دینا چاہتا۔
اے سی بی ترجمان نے مزید کہا، “شکایت کی وصولی پر، انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 اور آئی پی سی کے تحت پولیس تھانہ جموں میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 07/2024 درج کیا گیا۔
اُنہوں نے کہا، “تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم پٹواری پرویز احمد اور وجے کمار عرف ببو (سابق پنچ) کو شکایت کنندہ سے 25 ہزار روپے رشوت مانگتے اور قبول کرتے ہوئے موقع پر ہی رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ دونوں ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا، دونوں ملزمان کی رہائش گاہوں کی تلاشی لی جا رہی ہے”۔
معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔