عظمیٰ نیوزسروس
سانبہ///ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ ابھیشیک شرما نے کانفرنس ہال ڈی سی آفس سانبہ میں ایک جامع میٹنگ طلب کی جس میں آئندہ بابا سدھ گوریا میلہ، عید الاضحی کی تقریب سعید اور بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔سالانہ بابا سدھ گوریا میلہ سوانکھا گاؤں میں16 ؍جون2024ء کو شیڈول ہے۔ عید الاضحی17 ؍جون 2024 ء کو منائی جائے گی اور بین الاقوامی یوگا ڈے 21 ؍جون 2024 ء کو منایا جائے گا۔دورانِ میٹنگ ضلع ترقیاتی کمشنر نے جل شکتی اور جے پی ڈی سی ایل کے افسروں کو ضلع بھر میں پانی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے محکمہ جل شکتی کو ضروری علاقوں میں پانی کے ٹینکر تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ دونوں موقعوں پر پانی کی قلت نہ ہو۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے بلاک ڈیولپمنٹ اَفسران (بی ڈی اوز) اور ایگزیکٹویواَفسران (ای اوز) کو ہدایت دی کہ وہ دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں متعین جگہوںپر مناسب صفائی ستھرائی کو برقرار رکھیں۔محکمہ سیاحت سدھ گوریا میلے میں شرکت کرنے والے عقیدتمندوں کی رہنمائی اور اطلاع دینے کے لئے مختلف مقامات پر ہورڈنگوں اور بینروں کو نصب کرے گا۔تمام شرکأکی حفاظت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے حفاظتی اِنتظامات، آگ سے بچاؤ کے اَقدامات، ٹریفک ریگولیشن اور ہیلتھ ملازمین کی تعیناتی کا بغور جائزہ لیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ انسپکشن تیز کرنے کے لئے مشترکہ مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ یہ ٹیمیں مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر ضروری اشیاء کے معیار کو یقینی بنائیں گی اور معیاری مصنوعات کی دستیابی کو برقرار رکھیں گی۔ وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ تقریب کے دوران اشیائے ضروریہ پر کوئی زیادہ قیمتیں عائد نہ کی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔مختلف محکمے سدھو گوریا میلے میں سٹال لگائیں گے تاکہ آنے والے عقیدتمندوں کو سرکاری سکیموں اور فلاحی پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ روڈز اینڈ بلڈنگز (آر اینڈ بی) میلے سے پہلے سوانکھا جانے والی اہم سڑکوں پر گڑھوں کو بھرنے کا کام مکمل کرے۔ محکمہ ریونیو، پولیس اور ٹرانسپورٹ سائن بورڈ کی تنصیب کے لئے سٹریٹجک مقامات کی نشاندہی کریں گے اور عقیدتمندوںکے لئے ایک اچھی طرح سے تشہیر شدہ روٹ پلان تیار کریں گے۔میٹنگ میں ایس ایس پی سانبہ ونے کمار، اے ڈی سی سریش شرما، اے سی آر، ایس ڈی ایم وِجے پور، ڈی آئی او، تحصیل دار، بی ڈی اوز، پی ڈبلیو ڈی، پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے ایگزیکٹیو انجینئروں ، ای او وجے پور اور رام گڑھ کے ایس ایچ او نے شرکت کی۔