نئی دہلی/یو این آئی/نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی صبح قومی جنگی یادگار، مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی، سدیو اٹل جاکر خراج عقیدت پیش کیا مودی کو آج شام راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ مودی پہلے راج گھاٹ گئے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے ساتھ ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے۔اس کے بعد مودی نے اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی سدیو اٹل پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے انڈیا گیٹ پر واقع قومی جنگی یادگار کا بھی دورہ کیا اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور تینوں افواج کے اعلیٰ افسران بھی نیشنل وار میموریل پر موجود تھے۔
وزیراعظم بی جے پی کے عزم کو پورا کریں گے:نندا
شملہ/یو این آئی/ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے میڈیا انچارج کرن نندا نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ نریندر مودی تیسری بار ملک کے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ ملک نے ترقی کی ہے اور 2047 میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان بننے والا ہے، یہ صرف مودی کی قیادت والی حکومت ہی کر سکتی ہے۔ بی جے پی نے ایک عہد لیا ہے اور مودی اس عہد کو پورا کریں گے۔ نندا نے کہا کہ اب تک وزیر اعظم نریندر مودی نے بہت سے خطاب جیتے ہیں اور آنے والے وقت میں مزید کئی خطاب جیتنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی آزادی کے بعد پیدا ہونے والے پہلے وزیر اعظم ہیں۔ نندا نے کہا کہ 26 مئی 2014 کو نریندر مودی نے ملک کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا۔ اس کے ساتھ وہ ہندوستان کی آزادی کے بعد پیدا ہونے والے پہلے وزیر اعظم بن گئے۔ مودی نے 22 جون 2023 کو اپنے دورے کے دوران دوسری بار امریکی ایوان سے خطاب کیا۔ اس سے قبل وہ 8 جون 2016 کو دورہ امریکہ کے دوران امریکی ایوان کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کر چکے ہیں۔ جون 2023 میں امریکی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہی انہوں نے جنوبی افریقہ کے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا کی برابری کر لی تھی۔