عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے اور بازار میں اشیائے ضروریہ اور قربانی کے جانوروں کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی طرف سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کل یہاں ایک میٹنگ طلب کیا۔صوبائی کمشنر نے صوبہ بھر میں بنیادی سہولیات کے وسیع تر انتظامات پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مذہبی تقریب سعید کے موقعہ پر عوام کو باقاعدگی سے بجلی اور پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ بھیڑ پالن کی جانب سے قائم کردہ تمام 104 فروخت مقامات پر قربانی کے جانوروں خصوصا ًبھیڑبکریوں کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے قربانی کے جانوروں کے لئے مناسب نرخوں کے تعین اور ان کے نفاذ پر زور دیا تاکہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پایا جاسکے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے ماحولیاتی آلودگی اور کھالوں کو غیر منصفانہ طریقے سے ٹھکانے لگانے کی وجہ سے نالوں کے بند ہونے سے بچنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عام لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ جانوروں کی کھالیں گھروں میں رکھیں جو ایس ایم سی اور دیگر میونسپل اِداروں کے ذریعے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لئے گھر گھر جمع کئے جائیں گے۔اُنہوںنے محکمہ مویشی پروری کے افسران سے کہا کہ وہ مارکیٹ میں پولٹری پرندوں کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائیں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے تاجروں اور دکانداروں کی جانب سے زائد قیمتوں کی روکتھام کے لئے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ اَشیائے ضروریہ اور دیگر اشیاء کی مناسب قیمتوں کو عملانے کے لئے مشترکہ مارکیٹ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دیں۔اُنہوں نے مساجد اور زیارت گاہوں سمیت اہم مذہبی مقامات پر اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام رابطہ سڑکوں پر گڑھوں کو بھرنے ، میڈیکل کیمپوں کے قیام ، فائر ٹینڈروں کی تعیناتی اور ان مقامات پر پانی کے ٹینکروں کی دستیابی کے علاوہ صفائی ستھرائی اور بیت الخلأ کی سہولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ریں اثنأ صوبائی کمشنر نے وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ و ہ مذہبی مقامات پر نصب پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کو صاف کرنے اور لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے کی خاطر کلورین کی گولیاں ڈالنے کے لئے صفائی مہم چلائیں۔وِجے کمار بِدھوری نے عید الاضحی کے موقعہ پر درگاہ حضرت بل تک عقیدت مندوں کو لے جانے کے لئے مختلف راستوں پر ایس آر ٹی سی اور سری نگر سمارٹ سٹی بسیں دستیاب کرنے کی ہدایت دی تاکہ اُنہیں نماز اَدا کرنے میں آسانی ہو۔اِس کے علاوہ وقف بورڈ کے اَفسروںسے کہا گیا ہے کہ وہ عوام کی جانکاری کے لئے مختلف مذہبی مقامات پر نماز کے اوقات کو پہلے سے ہی عام کریں۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز کے علاوہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ایس ایس پی ٹریفک رورل، ایس پی ٹریفک سری نگر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، پی ایچ ای، یو اِی اِی ڈِی، مویشی پروری، بھیڑ پالن، لیگل میٹرولوجی، ایس آر ٹی سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔