عظمیٰ نیوزڈیسک
نئی دہلی// ملک کے تمام میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے منعقد کیے گئے نیٹ یو جی یعنی انڈر گریجویٹ کے قومی اہلیت کے داخلہ ٹیسٹ کے نتائج پر ہر کوئی حیران ہے۔ نتائج سامنے آتے ہی اس پر سوالات اٹھنے لگے۔ زیادہ تر سوالات نیٹ کی رینکنگ اور طلبہ کے حاصل کردہ نمبروں پر اٹھ رہے ہیں۔ درحقیقت نیٹ یو جی 2024 کے امتحان میں ایک، دو یا تین نہیں بلکہ 67 طلبہ نے آل انڈیا رینک وَن حاصل کیا ہے۔ یعنی 67 طلبہ نے 720 میں سے 720 نمبر حاصل کیے ہیں۔ جس کے بارے میں نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے جمعرات کو وضاحت دی۔ این ٹی اے کا کہنا ہے کہ نیٹ یو جی میں کٹ آف اور ٹاپرز کی تعداد میں اضافہ امتحان کی مسابقتی نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ جانچ کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ بدھ کی شام کو این ٹی اے کے اعلان کردہ نتائج میں 67 طلبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جن میں سے 6 طلبہ ہریانہ کے ایک امتحانی مرکز سے ہیں۔نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے مطابق، نیٹ یو جی 2024 کا انعقاد 5 مئی کو 24 لاکھ سے زیادہ امیدواروں کے لیے 571 شہروں(بیرون ملک میں 14 شہر) میں 4750 مراکز پر کیا گیا تھا۔