عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// ملک بھر میں انتخابات کا انتظام اور نگرانی کرنے والی پول باڈی الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی پانچ لوک سبھا سیٹوں پر کل 100 امیدواروں میں سے 68 فیصد نے ’نوٹا‘ (NOTA) سے کم ووٹ حاصل کئے۔
ای سی آئی کی طرف سے سامنے آنے والے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 34,788 ووٹروں نے پانچ سیٹوں پر NOTA کا بٹن دبایا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹیوں کے امیدواروں کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ 12ہزار 938 ، NOTA ووٹ جموں خطہ کے اودھم پور حلقہ میں پول ہوئے، اس سیٹ بی جے پی امیدوار جتیندر سنگھ نے جیت حاصل کی ہے۔
اودھم پور سے 11 دیگر امیدوار میدان میں تھے، اور NOTA نے ان میں سے نو سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔
جموں سیٹ پر، 4,645 ووٹروں نے NOTA کا بٹن دبایا، جو کہ 18 امیدواروں کے انفرادی طور پر حاصل کیے گئے ووٹوں سے زیادہ ہے۔ اس سیٹ سے 22 امیدوار میدان میں تھے جہاں بی جے پی کے جگل کشور نے برقرار رکھا ہے۔
سرینگر سیٹ پر NOTA کے ووٹوں کی تعداد 5,998 تھی۔ اس حلقے سے 24 امیدوار میدان میں تھے اور ان میں سے 18 نے NOTA سے کم ووٹ حاصل کیے۔
اننت ناگ-راجوری حلقہ میں 6,223 ووٹروں نے NOTA پر ووٹ ڈالے۔ اس سیٹ سے 20 امیدوار میدان میں تھے، اور ان میں سے نو نے NOTA سے کم ووٹ حاصل کیے۔
بارہمولہ سیٹ پر 4,984 ووٹروں نے NOTA کے آپشن کا استعمال کیا۔ 22 امیدوار میدان میں تھے اور ان میں سے 14 کو کم ووٹ ملے۔
الیکشن کمیشن کے ڈیٹا کے مطابق، اس طرح، کل 100 میں سے، 68 امیدواروں نے NOTA سے کم ووٹ حاصل کیے ہیں۔
دریں اثنا، لداخ یونین سیٹ پر نوٹا کو صرف 912 ووٹروں نے پسند کیا۔ لداخ یو ٹی میں ایک ہی پارلیمانی حلقہ ہے۔ میدان میں صرف تین امیدوار تھے اور ان سب کو NOTA سے زیادہ ووٹ ملے۔