عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے لوگوں کی لوک سبھا انتخابات میں ان کی حمایت کے لئے بے حد مشکور ہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے موصوف نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا کی کامیابی اطمینان بخش رہی جبکہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی حمایت بھی بھاجپا کیساتھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جگل کشور شرما نے اپنے اپنے حلقوں میں لگاتار تیسری جیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر کے باشندوں کی غیر مشروط محبت اور حمایت کے لئے شکریہ ادا کرتی ہے جس کے نتیجے میں یہ فتح ملی۔رینہ نے کہا کہ بی جے پی کو دونوں پارلیمانی حلقوں کے ووٹروں کی زبردست حمایت حاصل ہوئی جس کی وجہ سے اس جیت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے اس حمایت کے لئے بزرگ شہریوں، پہلی بار ووٹ دینے والوں، خواتین اور ووٹروں کے تمام طبقات کا بھی شکریہ ادا کیا۔بی جے پی صدر نے اننت ناگ، راجوری، پونچھ، بارہمولہ، کولگام اور دیگر تمام علاقوں کے باشندوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔رینہ نے مزید کہا کہ بی جے پی کو کشمیر کے علاقے سے بڑے پیمانے پر حمایت حاصل ہوئی ہے اور اس نے ایک مضبوط بنیاد کی طرف پارٹی کو گامزن کردیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب بی جے پی کشمیر کے علاقے میں پارلیمنٹ اور اسمبلی کی نشستیں جیت لے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘‘ کے اصول کے ساتھ کام کیا ہے اور خدمت کے اس اصول کو جموں و کشمیر میں پارلیمانی انتخابات میں ووٹنگ میں اضافہ سے منسوب کیا ہے۔ کشمیر کے علاقے کے لوگوں نے بھی اس جمہوری عمل میں پورے جوش و خروش سے حصہ لیا۔انہوں نے الیکشن کمیشن کے اہلکاروں اور سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انتخابی عمل کے کامیاب اور پرامن اختتام کو یقینی بنانے کے لئے خود کو وقف کیا۔رینہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تبصرے سیاست کے لئے ہوتے ہیں، لیکن عمر عبداللہ یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک نیا اور خوش کن جموں و کشمیر تعمیر کیا ہے جہاں پسماندہ طبقات سمیت سب کو ان کے حقوق دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عبداللہ ماضی میں جموں و کشمیر میں موجود مشکل صورتحال سے بخوبی واقف ہیں اور انہوں نے جموں و کشمیر میں جمہوریت کی کامیاب واپسی پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا۔موصوف نے یاد دلایا کہ پہلے بھی وادی میں بند کیلنڈر جاری کیا گیا تھا۔