عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دلی //وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بد ھ کو انکی رہائش گاہ پر قومی جمہوری محاذ کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انہیں این ڈے اے کا لیڈر منتخب کرلیا گیا۔این ڈی اے کی نئی حکومت میں چندر بابو نائیڈو کی تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے16اور جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار کے14اراکین کا رول انتہا اہم رہے گا۔دونوں لیڈروں نے میٹنگ میں شرکت کرنے کے بعد کہا کہ وہ این ڈی اے کا حصہ ہیں اور چونکہ الیکشن بھی ایک ساتھ لڑا ہے لہٰذا ایک ساتھ نئی حکومت میں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ انڈیا اتحاد کی حمایت نہیں کرسکتے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے ملک میں بہت سی سیاسی تبدیلیاں دیکھی ہیں، ہم این ڈی اے میں ہیں۔نائیڈو نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو جیتنا اور ریاست کی تعمیر کرنا ہے۔ اس کے حصول کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے آگے بڑھے۔نتیش کمار نے کہا کہ انکے بارے میں جو کچھ بھی کہا جارہا ہے وہ کسی کی خام خیالی ہوسکتی ہے انہوں نے جو فیصلہ کیا ہے وہ اس پر ڈٹے ہوئے ہیں۔