عظمیٰ نیوز سروس
جموں// شیوسینا (یو بی ٹی) جموںکشمیر یونٹ نے مہا راشٹر میں پارٹی کی الیکشن میں کامیابی کا جموں میں جشن مناتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور مہاراشٹر میں زبردست جیت کا جشن منایا۔پارٹی لیڈران نے کہاکہ تنظیم کی مہا راشٹر میں کامیابی بالخصوص ممبئی کی چار سیٹوں پرہوئی جیت اور پوری ریاست میں پارٹی کی بہتر کارکردگی اور شیو سینا اور ادھو ٹھا کرے کی محنت کا نتیجہ ہے ۔پارٹی کے ریاستی سربراہ منیش ساہنی کی قیادت میں جمع ہوئے شیوسینکوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ ساہنی نے کہا کہ لوک سبھا 2024 اپنے وجود کو ثابت کرنے کا انتخاب تھا۔انہوں نے کہاکہ ’ہمیں مٹانے کی کوششوں کے تحت ہم دو دھڑوں میں بٹ گئے، ہمارا نام، انتخابی نشان تک چھین لیا گیا۔ پارٹی پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بالا صاحب ٹھاکرے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پوری بے خوفی اور محنت کے ساتھ الیکشن لڑا اورعوام کا اعتماد حاصل کیاجس سے بہتر نتائج سامنے آئے ۔انہوں نے کہاکہ عوام نے آمریت اور تکبر و نفرت کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔اس موقع پر جنرل سکریٹری وکاس بخشی، صدر کامگار ونگ راج سنگھ، نائب صدر ششی پال، سکریٹری راکیش ہانڈا، منگو رام، شام لال، روہت کمار، منیش کمار، ہرجیت سنگھ، اشوک کمار وغیرہ موجود تھے۔