عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//ہندوستان میں جس تیزی کے ساتھ فیشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے، اس حساب سے اس شعبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ اس شعبے میں فریش گریجویٹس، ڈھائی سے پانچ لاکھ سالانہ تنخواہوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ اعظم ترین تنخواہیں 6 لاکھ سے لے کر 20 لاکھ سالانہ کے آس پاس ریکارڈ کی جارہی ہیں۔ اس پس منظر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے فیشن ڈیزائننگ اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے مضامین میں چار سالہ بی ایس سی، 2 سالہ ڈپلوما کورس اور ایک سالہ سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا ہے۔ سمانا موسوی، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں شروع کردہ فیشن ڈیزائننگ اور انٹیریئر ڈیزائن ڈگری، ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ کورسز کی انچارج ہیں۔ ان کے مطابق اگر طلبہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک درخشاں مستقبل کی تلاش میں ہیں تو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں جاری فیشن ڈیزائننگ اور انٹیریئر ڈیزائننگ کورسز ان کی منزل ہوسکتے ہیں۔ اردو یونیورسٹی میں سمانا کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز کے اشتراک سے چلائے جارہے کورسز طلبہ کی صلاحیتوں اور قابلیت کو فروغ میں معاون ہوں گے۔ سمانا موسوی کہتی ہیں کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں انتہائی اختراعی نوعیت کی تکنیک پر مبنی عصری رجحانات کے حامل تمام عصری آلات و مشنری سے لیس تیزی سے ترقی پذیر ڈیزائننگ صنعت کیلئے تربیت دی جاتی ہے۔آن لائن فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 30؍ جون 2024 ہے۔