عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے پیر کو کہا کہ رام بن اور بانہال کے درمیان مرمتی کام کاج کے پیشِ نظر سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر 3 اور 4 جون کی درمیانی شب ٹریفک آمدورفت معطل رہے گی۔
ٹریفک حکام نے کہا کہ جیسا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی طرف سے مطلع کیا گیا ہے کہ رام بن اور بانہال کے درمیان قومی شاہراہ پر 3 اور 4 جون 2024 کی درمیانی شب کے دوران فوری مرمت / دیکھ بھال کی جانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر آج 03 جون 2024 (پیر) کو قاضی گنڈ سے رام بن کی طرف شام 6 بجے کے بعد کسی بھی قسم کی گاڑی بشمول مویشیوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح نگروٹہ (جموں) سے شام 5 بجے کے بعد اور ادھم پور سے شام 6 بجے تک کسی بھی گاڑی کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
عہدیداروں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ کام مکمل ہونے تک قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کریں۔
ٹریفک حکام نے مزید کہا کہ قومی شاہراہ پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سے تازہ ترین صورتحال کی آگاہی حاصل کریں۔