عظمیٰ نیوزسروس
کٹھوعہ// ضلع کٹھوعہ میں ہفتہ کو محکمہ جل شکتی کے کمپاؤنڈ میں آتشزدگی سے پانی کے 5 خالی ٹینکروں کو نقصان پہنچا۔ حکام نے بتایا کہ پی ایچ ای واٹر فلنگ سٹیشن پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو تیزی سے کھڑے ٹینکروں تک پھیل گئی۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز (ایف اینڈ ای ایس) کے اہلکاروں نے صورتحال پر فوری ردعمل ظاہر کیا، اور آگ بجھانے کیلئے فائر ٹینڈرز کو تعینات کیا تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک الگ واقعہ میں، جموں سے کٹھوعہ جانے والے ایک ٹرک میں سنیچر کی رات سانبہ کے رایا موڑ کے قریب آگ لگ گئی۔ ڈرائیور ٹرک سے چھلانگ لگا کر بغیر کسی نقصان کے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائر سروس ڈیپارٹمنٹ نے کامیابی سے آگ پر قابو پالیا۔
ادھم پور کے گانگراہل جنگلاتی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی
عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// جموں و کشمیر کے اودھم پور ضلع کے گانگرا ہل میں اتوار کو جنگل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار آگ پر قابو پانے کے لیے حرکت میں آگئے۔ ادھم پور کے بلاک فارسٹ آفیسر بھرم دت شرما نے کہا “جنگل میں آگ صبح بھڑک اٹھی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ہم موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانا شروع کر دیا تاہم تاحال اس پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے”۔ محکمہ جنگلات کے حکام کے ابتدائی اندازے کے مطابق آگ لگنے سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، جنگل کا وسیع حصہ خاکستر ہو گیا ہے اور دیگر قدرتی وسائل کے کروڑوں روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ادھم پور ضلع کے گھوڑی بلاک کے دیا دھر میں جنگل میں بھی آگ پچھلے تین دنوں سے بھڑک رہی ہے۔ اس عرصے کے دوران آگ نے شدت اختیار کر لی ہے اور آگ بجھانے کی مسلسل کوششوں کے باوجود یہ بے قابو ہے۔ دیا دھر جنگل کا علاقہ موروں کی خاصی آبادی کا علاقہ ہے، اور بلاشبہ آگ نے ان شاندار پرندوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ پودوں کے نقصان نے نہ صرف مور بلکہ دیگر جنگلی حیات اور مجموعی ماحولیاتی نظام کو بھی متاثر کیا ہے۔ اودھم پور ضلع میں جنگل کی آگ ماحولیات، جنگلی حیات اور مقامی کمیونٹیز کے لیے ایک اہم خطرہ ہے۔ پودوں کی تباہی اور ماحول میں نقصان دہ آلودگیوں کے اخراج کے دور رس نتائج ہوتے ہیں۔ جنگلی حیات کا نقصان اور ماحولیاتی نظام میں خلل بھی بڑے خدشات ہیں۔ آرتی شرما، بی ڈی سی گھور ڈی نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ دیا دھر آگ سے نمٹنے کے لیے بھارتیہ فضائیہ کے ہیلی کاپٹر تعینات کرے۔ اُنہوں نے علاقے میں موروں اور دیگر جنگلی حیات کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی کو اجاگر کرتے ہوئے صورتحال کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ جاری آگ نے ان مخلوقات کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔