عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں میں اتوار کو بھی گرمی کی لہر برقرار رہی جس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو موسم کی اوسط سے 2.2 ڈگری زیادہ ہے تاہم، جموں میں دن کا درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں 1.3 ڈگری سیلسیس کم تھا۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ شہر کو 4 جون کے بعد موجودہ حالات سے راحت مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت تقریباً 25.8 ڈگری سیلسیس پر معمول کے قریب تھا۔
انہوں نے کہا کہ جموں صوبہ کے میدانی علاقوں میں گرم اور خشک موسم 4 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد اگلے تین دنوں کے دوران جموں میں چند مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 8 اور 9 جون کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹرہ، ریاسی ضلع میں تریکوٹہ پہاڑیوں پر ماتا ویشنو دیوی شرائن پر جانے والے زائرین کے لیے بیس کیمپ میں زیادہ سے زیادہ 38.8 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 24.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف سرینگر میں گزشتہ روز 27.5 ڈگری سیلسیس کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ 30.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ شہر میں دن کا درجہ حرارت معمول سے چار ڈگری زیادہ ہے۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سیلسیس رہا۔