کڑے سیکورٹی انتظامات میں صبح 8بجے سے ای وی ایم کھلیں گی: الیکشن کمیشن
یو این آئی
نئی دہلی//لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں ہفتہ کو ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی کی لہر کے باوجود 59 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالے۔آخری مرحلے میں آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 57 سیٹوں کے ساتھ ساتھ اوڈیشہ اسمبلی کی باقی 42 سیٹوں پر صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوئی۔ بعض مقامات پر پولنگ کے اختتامی وقت میں مقامی ضرورت کے مطابق تبدیلی کی گئی۔الیکشن کمیشن نے 18ویں لوک سبھا کے انتخابات کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوری مشق بنانے میں تعاون کرنے کیلئے ووٹروں، سیاسی جماعتوں، ووٹنگ مشینری اور اس میں شامل ہر فرد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شام7:30 بجے الیکشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اس مرحلے میں بھی ووٹنگ کی رفتار کے لحاظ سے مغربی بنگال سب سے آگے رہا اور وہاں سب سے زیادہ69.89 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ بہار میں پولنگ فیصد49.35 رہا۔پنجاب اور مغربی بنگال کے کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر مختلف پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کے علاوہ ووٹنگ پرامن رہی۔اوڈیشہ اسمبلی کے آخری مرحلے میں 42 سیٹوں پر 62.76 فیصد ووٹ پڑے۔ان 57 لوک سبھا سیٹوں پر کل ملاکر 904 امیدوار میدان میں تھے۔ساتویں اور آخری مرحلے میں اتر پردیش کی 13، پنجاب کی 13 اور چندی گڑھ کی ایک نشست کے ساتھ ساتھ ہماچل پردیش کی چار، جھارکھنڈ کی تین، اوڈیشہ کی چھ، بہار کی آٹھ اور مغربی بنگال کی نو نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں 10.06 کروڑ سے زیادہ شہری، جن میں تقریبا 5.24 کروڑ مرد، 4.82 کروڑ خواتین اور 3574 تیسری جنس کے ووٹر، ووٹ ڈالنے کے اہل تھے۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 4 جون کو صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو کہا کہ سکم اور اروناچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی اتوار کی صبح 6 بجے سے شروع ہو جائے گی۔سکم اور اروناچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون سے 2 جون تک آگے بڑھائی گئی تھی کیونکہ دونوں اسمبلیوں کی مدت 2 جون کو ختم ہو رہی ہے اور اس دن تک ایک نیا ایوان تشکیل دیا جانا ہے۔ہفتہ کو ایک بیان میں، الیکشن کمیشن نے گنتی کے انتظامات، گنتی کے طریقہ کار اور ای وی ایم اور پیپر ٹریل مشینوں کے ذخیرہ کرنے کے بارے میں اس کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ہدایات شیئر کیا۔ایک ہدایات کے مطابق کنڈکٹ آف الیکشنز رولز 1961 کے رول 54A کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی پہلے ریٹرننگ آفیسر کی میز پر شروع کی جائے گی۔ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران، ریٹرننگ افسران اور ضلعی انتخابی افسران کے ذریعہ رجحانات اور نتائج کا مقامی ڈسپلے بھی ڈیجیٹل ڈسپلے پینلز کے ذریعے کیا جائے گا۔