عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// بھارت نے 20 تا 30 مئی، 2024 کے دوران کوچی، کیرالہ میں 46 ویں انٹارکٹک ٹریٹی مشاورتی اجلاس (اے ٹی سی ایم -46) اور ماحولیاتی تحفظ پر 26 ویں کمیٹی (سی ای پی -26) کی کامیابی سے میزبانی مکمل کی۔ارضیاتی علوم کی وزارت اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کی وزارت کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے انٹارکٹک ریسرچ اسٹیشن، میتری -2 قائم کرنے کے بھارت کے منصوبے کا اعلان کیا۔اے ٹی سی ایم -46 کا انعقاد وسودھیو کٹمبکم کے اہم موضوع کے ساتھ کیا گیا تھا، جو ایک سنسکرت کا فقرہ ہے جس کا مطلب ہے ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل۔ یہ انٹارکٹک ٹریٹی سسٹم کے ساتھ گہری مطابقت رکھتا ہے، جو امن، سائنسی تعاون، اور انسانیت کے لیے انٹارکٹیکا کے تحفظ کو فروغ دیتا ہے۔ اے ٹی سی ایم-46 کا افتتاح مرکزی کابینہ کے وزیر کرن رجیجو نے کیا۔ایم او ای ایس کے سکریٹری اور بھارتی وفد (میزبان ملک) کے سربراہ ڈاکٹر ایم روی چندرن نے بتایا کہ جلد ہی بھارت میتری -2 کے قیام کے لیے جامع ماحولیاتی جائزے پیش کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں 46 ویں اے ٹی سی ایم اور 26 ویں سی ای پی کی کامیاب میزبانی انٹارکٹیکا کے منفرد ایکو سسٹم کی حفاظت اور عالمی ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینے کے ہمارے اجتماعی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ بات چیت، تعاون اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ انٹارکٹیکا آنے والی نسلوں کے لیے امن، سائنس اور ماحولیاتی تحفظ کا گہوارہ بنے۔اے ٹی سی ایم -46 اور سی ای پی -26 کی میزبانی حکومت ہند کی وزارت ارتھ سائنسز نے نیشنل سینٹر فار پولر اینڈ اوشن ریسرچ (این سی پی او آر)، گوا کے ذریعے ارجنٹائن میں واقع انٹارکٹک ٹریٹی سیکریٹریٹ کی مدد سے کی تھی۔ اس تقریب میں فریقین کے ذریعے انٹارکٹک معاہدے (1959) اور انٹارکٹک معاہدے کے ماحولیاتی تحفظ کے پروٹوکول (میڈرڈ پروٹوکول، 1991) کی توثیق کی گئی۔ اے ٹی سی ایم اور سی ای پی انٹارکٹک امور کے لیے ہر سال منعقد ہونے والے اہم عالمی فورم ہیں جو زمین کے سب سے قدیم اور نازک ایکو سسٹموں میں سے ایک کے تحفظ کے لیے اجتماعی اور ٹھوس مکالمے اور اقدامات کا تعین کرتے ہیں۔ ایک اضافی ورکنگ گروپ نے اس سال جنوبی سفید براعظم کے لیے سیاحت کے فریم ورک کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔20 سے 24 مئی، 2024 کے دوران منعقد ہونے والے سی ای پی -26 نے متعدد مسائل کو حل کیا اور انٹارکٹیکا میں ماحولیاتی پروٹوکول کے نفاذ میں حصہ لیا۔ کمیٹی نے سمندری برف کی تبدیلی کے انتظامی مضمرات پر مزید کام کو ترجیح دینے، بڑی سرگرمیوں کے ماحولیاتی اثرات کا تخمینہ بڑھانے، ایمپررپینگوئن کی حفاظت اور انٹارکٹیکا میں ماحولیاتی نگرانی کے لیے ایک بین الاقوامی فریم ورک تیار کرنے پر اتفاق کیا۔