عظمیٰ نیوزڈیسک
اورنگ آباد// بہار میں گرمی کی لہر جاری ہے اور ہیٹ اسٹروک سے کل 18 افراد ہلاک ہوئے۔ وہیں 35 لوگ اب بھی صدر اسپتال میں بھرتی ہیں۔ معلومات کے مطابق زیادہ تر اموات اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہوئی ہیں۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے جمعرات تک کل 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ضلع میں زیادہ سے زیادہ پارہ 48.2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔صدر اسپتال کے میڈیکل آفیسر ابھیشیک کمار نے بتایا کہ جمعرات کو تقریباً 200 مریضوں کو ہیٹ اسٹروک کے بعد داخل کیا گیا تھا۔ اس کا علاج بھی کیا گیا۔ اتنی بڑی تعداد میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے پہنچنے کے بعد صدر اسپتال میں افراتفری کا ماحول بن گیا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر شریکانت شاستری، سول سرجن روی بھوشن سریواستو، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشوتوش کمار اور اسپتال انتظامیہ نے صدر اسپتال میں داخل مریضوں کی حالت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اسپتال کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشوتوش کمار نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے ضلع میں خوف و ہراس ہے، تاہم ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے اسپتال میں مناسب سہولیات دستیاب ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 مریض دوران علاج مر گئے جبکہ 7 مریض اسپتال آنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ اس طرح ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرنے والے مریضوں کی کل تعداد 12 ہو گئی ہے۔اگرچہ گرمی کی لہر کے باعث سرکاری طور پر 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم اب تک مجموعی طور پر 18 افراد کے ہلاک ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ مرنے والوں میں کمت سنگھ (85) ساکنہ ہری باری، مفصل، اورنگ آباد، جنگو یادو (60) ساکنہ راجواڑی، مفصل، اورنگ آباد، رفیع گنج کے محمد کالو (55) شامل ہیں، جو بلاک آفس رفیع گنج میں چپراسی کے طور پر کام کرتے تھے۔
دوبارہ پولنگ کی درخواست | سپریم کورٹ نے مسترد کر دی
یواین آئی
نئی دہلی// سپریم کورٹ نے بہار میں دوبارہ پولنگ کرانے سے متعلق اس درخواست کو خارج کردیا ، جس میں بہار کے مونگیر پارلیمانی حلقہ کے کئی پولنگ اسٹیشنوں کے بوتھوں پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے اور کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کا الزام لگاتے ہوئے ان بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کی گزارش کی گئی تھی۔جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس پرسنا بی۔ ورلے کی تعطیلاتی بنچ نے درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا اور اسے خارج کرتے ہوئے اس معاملے میں پٹنہ ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کو کہا۔بنچ نے عرضی گزار کماری انیتا کی جانب سے اس معاملے میں پٹنہ ہائی کورٹ میں پہلے اپنی شکایت درج کرنے کا آپشن نہ اپنانے پر اپنا اعتراض ظاہر کیا۔جسٹس شرما کی سربراہی والی بنچ نے کہا “ہائی کورٹ سے رجوع کیے بغیر، آپ اسے قصوروار ٹھہرا رہے ہیں۔ براہ کرم وہاں (ہائی کورٹ) جائیں”۔عدالت عظمیٰ کے اس موقف کے بعد درخواست گزار نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جسے قبول کر لیا گیا۔ بنچ نے اپنے حکم میں کہا ’’موجودہ عرضی کو واپس لینے کے طور پر خارج کر دیا گیا ہے۔اس درخواست میں مونگیر کے ضلع الیکشن افسر ڈاکٹر اونیش کمار سنگھ کو تمام انتظامی ذمہ داریوں سے فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت دینے کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ مسٹر سنگھ نے ریاست (بہار) کی حکمراں جماعت کے اشارے پر کئی پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کراکے ووٹنگ میں بے ضابطگیاں کی ہیں۔