عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے جموں ضلع کے اکھنور کے ٹانڈہ علاقے کے قریب ایک المناک بس حادثے کے بعد کٹھوعہ کے ریجنل ٹرانسپورٹ آفس کے ایک موٹر وہیکل انسپکٹر سمیت چھ اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ جمعرات کو پیش آنے والے اس حادثے میں 22 یاتری ہلاک ہو گئے تھے جبکہ 69 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں 17 بچے اور 29 خواتین شامل ہیں۔ یاتری، زیادہ تر اتر پردیش اور راجستھان سے تھے، ضلع ریاسی میں شیو کھوڑی کی طرف جا رہے تھے۔
دریں اثنا، معاملے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے، حکام کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
معطل اہلکاروں میں رنجیو بھسین، موٹر وہیکل انسپکٹر؛ سمیت مگوترہ، جونیئر اسسٹنٹ؛ اور MTS کے چار اہلکار: اشونی کمار، امان کمار، کیشوو سنگھ، اور راکیش کمار شامل ہیں۔
ایڈیشنل سکریٹری (ٹیکنیکل) روڈ سیفٹی کونسل پرم ویر سنگھ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔