عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں خطہ کیساتھ ساتھ ضلع رام بن میں گرمی کی شدت میں ہوئے مسلسل اضافے کو دیکھتے ہو ئے ڈپٹی کمشنر رام بن، بصیر الحق چودھری کی ہدایت پرلیبر محکمہ کی ایک ٹیم، اسسٹنٹ لیبر کمشنر رام بن امیت کمار اور پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر چائلڈ ہیلپ لائن رام بن مدثر کی قیادت میں، زیر تعمیر ڈگڈول ٹنل کا دورہ کیا۔ جاری گرمی کی لہر سے تحفظ کے بارے میں ایڈوائزری کیساتھ ساتھ ان کو احتیاطی تدابیر سے متعلقہ تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔50 سے زیادہ کارکنوں کو موسمیاتی تبدیلی کے قومی پروگرام اور ہیومن ہیلتھ کی طرف سے جاری کردہ پبلک ہیلتھ ایڈوائزری سے متعلقہ تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اسسٹنٹ لیبر کمشنر نے مزدوروں کو دن کے اوقات میں خاص طور پر دوپہر 12 سے 3 بجے کے درمیان کام کے اوقات میں ضروری احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا۔ دریں اثناء مزدوروںکو ہدایت کی گئی کہ وہ کام کی جگہوں پر پینے کے پانی، سایہ دار جگہوں، عارضی پناہ گاہوں، آرام کے وقفوں، ابتدائی طبی امداد کے سامان وغیرہ جیسے ضروری انتظامات کریں اور تمام کارکنوں کو گرمی کی لہر سے بچاؤ اور اس کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں تربیت اور آگاہی فراہم کریں۔پروجیکٹ کوآرڈی نیٹر چائلڈ ہیلپ لائن نے کارکنوں کو گرمی کے تناؤ کی علامات اور اس سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔کارکنوں کو ضلع میں چائلڈ ہیلپ لائن اور 27×7 چائلڈ ہیلپ لائن نمبر 1098 کے کام کے بارے میں بھی بتایا گیا اور ان پر زور دیا گیا کہ جب بھی مدد کی ضرورت ہو کال کریں۔