یواین آئی
نئی دہلی// نیشنل ٹیلی مینٹل ہیلتھ پروگرام کو روزانہ اوسطاً 3500 فون کالز موصول ہو رہی ہیں اور اب تک 10 لاکھ سے زیادہ کالیں موصول ہو چکی ہیں۔صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت نے بدھ کو یہاں کہا کہ حکومت ہند نے اکتوبر 2022 میں پورے ملک میں ذہنی صحت کی خدمات کیلئے نیشنل ٹیلی مینٹل ہیلتھ پروگرام شروع کیا تھا۔ یہ پروگرام تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 51 ٹیلی مانس سیل چلاتا ہے۔ ٹیلی مانس ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 14416 یا 1-800-891-4416 متعدد زبانوں میں مدد فراہم کرتا ہے۔وزارت کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی بیداری اور ذہنی صحت کی خدمات کے استعمال کی عکاسی کرتے ہوئے ٹیلی مانس ہیلپ لائن نے کال کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھا ہے۔