عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//راجباغ سرینگر میں منگل شام کو آگ کی ایک واردات میں دوتجارتی ڈھانچوں سمیت چارعمارات کونقصان پہنچا۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ حاجی عبدالرشیدڈار کی تجارتی عمارت کے بالائی منزل سے نمودار ہوئی جس نے تیزی کے ساتھ ملحقہ عمارات کو اپنی لپیٹ میں لیااورمحمدڈار کی تجارتی عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ذرائع نے بتایا کہ دورہائشی مکان بھی جزوی طور آگ کی واردات میں نقصان سے دوچار ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ڈاربرادرس کی ملکیت کی دوعمارات کوشدیدنقصان پہنچا۔ان عمارت میں متعددتجارتی اداروں کے دفاتر تھے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ تیزہوائوں کے چلنے کی وجہ سے فوری طور پھیل گئی اور گیس سلینڈر پھٹنے کی وجہ سے فائربرگیڈ کوآگ قابو کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔کافی مشقت کے بعدفائربرگیڈ نے آگ پرقابو پایا۔