محمد تسکین
بانہال// اتوار کی صبح سے شروع ہوئے بارشوں کا سلسلہ چند ایک گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد تھم گیا جبکہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں شام تک کئی بار وقفے وقفے کی ہلکی ہلکی بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کی وجہ سے پچھلے کئی روز سے ضلع رام بن خصوصاً رام بن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گرمی کی شدت سے بے حال ہوئے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے اور مجموعی طور پر آبر آلود مطلع کے بیچ موسم خوش گوار ہوگیا ہے۔رام بن۔ بانہال سیکٹر میں ہوئی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی دو طرفہ نقل و حرکت بنا کسی خلل کے جاری رہی تاہم ڈھلواس ، مہاڑ ، بیٹری چشمہ ، رامسو اور شیر بی بی کے علاقوں میں سڑک کی خراب اور تنگ حالات کے پیش نظر ٹریفک کی روانی میں ٹھہرائو کا سلسلہ آج بھی جاری رہا تاہم ان علاقوں میں سست رفتار ی کے ساتھ معمول کا ٹریفک اپنی منزلوں کو بڑھتا رہا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اتوار کی صبح ہورہی بارشوں کے باوجود شاہراہ پر مسافر بردار گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت تھی تاہم اس کیلئے مقررہ اوقات کے اندر اندر ادھم پور اور قاضی گنڈ کو پار کرنا مشروط تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر ناشری اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک کی رفتار سست رہی تاہم مجموعی طور پر ٹریفک رواں رہا۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر بعد سے جموں کی طرف سے مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو وادی کشمیر کیطرف جانے کی اجازت تھی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ پیر کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ کے سفر سے پہلے سڑک اور موسم کی صورتحال کی جانکاری ضرور لیں۔