تل ابیب/یواین آئی/ اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو نے کولمبیا کے صدر گسٹاوو پیٹرو پر حملہ کیا جب جنوبی امریکی رہنما نے غزہ کی جنگ میں ان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔العربیہ کے مطابق نیتن یاہو نے ہفتے کے روز ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، “اسرائیل یہود مخالف اور حماس کے حامی کا لیکچر نہیں لے گا۔”پیٹرو نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ کولمبیا “نسل کش صدر” رکھنے کی بنا پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دے گا۔ جمعہ کو انہوں نے لکھا، “نیتن یاہو نسل کشی کو نہیں روکیں گے جس کی وجہ سے ان پر بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے گرفتاری کا اطلاق ہوتا ہے۔”اسرائیل کے تعلقات حالیہ مہینوں میں لاطینی امریکہ کے طول و عرض میں حکومتوں کے ساتھ کشیدہ ہو گئے ہیں کیونکہ اس کی غزہ مہم میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔