محمد تسکین
بانہال // قومی تحقیقاتی ایجنسی( NIA )کی طرف سے ہفتے کی صبح ضلع رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں چھ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ایجنسی نے بٹوٹ اور بانہال میں دو گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشیاں لیں۔ یہ چھاپہ مار کارروائی کیس نمبر 05/2022 کی تحقیقات کا حصہ ہے۔ ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا رام بن کے بٹوٹ قصبہ کے وارڈ نمبر7 میں ایک ڈائلیسز مریض زاہد میر عمر ولد احسن اللہ میر کے گھر پر ٹیم نے ہفتہ کی صبح چھاپہ مارا اور تلاشی کے بعد قریب ایک گھنٹے تک زاہد میر سے پوچھ گچھ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں سے اگرچہ کوئی قابلِ اعتراض شے برآمد نہیں ہوئی ، تاہم تحقیقاتی ٹیم نے زاہد میر کا موبائل فون جانچ کیلئے اپنی تحویل میں لیا۔ مقامی لوگوں نے زاہد میر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گردوں کے عارضہ میں مبتلا زاہد میر نے کسی آن لائن ڈاکٹر سے کچھ دوائیاں منگوائی تھیں اور اس کے بارے میں زاہد میر سے پوچھ گچھ کی بنیادی وجہ بتائی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع رام بن میں ایک اور چھاپہ تنویر احمد عرف جمی ولد بشیر چودھری ساکن بانہال کے گھر پر مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں چھاپوں کے بعد ایجنسی کی ٹیم واپس چلی گئی۔ ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتہ کو جموں صوبے میں 6 مقامات کی تلاشی لی گئی ۔ جموں صوبے کے ڈوڈہ، رام بن اور کشتواڑ اضلاع میں NIA کی ٹیموں کے ذریعے وسیع پیمانے پر تلاشی لی گئی ۔ یہ کارروائی ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں اور ان کی شاخوں کی طرف سے جموں و کشمیر میں بموں ، آئی ای ڈی اور چھوٹے ہتھیاروں سے پرتشدد حملے کرنے کی سازش سے متعلق تھی۔ تلاشیوں کے نتیجے میں ہائبرڈ دہشت گردوں، اوور گراؤنڈ ورکروں ، ہمدردوں اور نئی تشکیل شدہ شاخوں اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ کیڈر اور افراد سے ڈیجیٹل آلات، دستاویزات وغیرہ سمیت مجرمانہ مواد ضبط کیا گیا ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے نے 21 جون 2022 کو ان تنظیموں کے ذریعہ چلائے جانے والے دہشت گرد نیٹ ورک کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی نئی شروع کی گئی شاخوں کو ختم کرنے کے لئے ایک سوموٹو کیس درج کیا گیا ہے ۔ اس معاملے کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر، NIA حالیہ مہینوں میں مختلف مقامات پر کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔