ایم ایم پرویز
رام بن//رام بن پولیس نے ہفتہ کے روز رام بن پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں آنے والے گاؤں ٹھٹھا گنوٹے کے قریب ایک گہری کھائی سے پراسرار حالات میں ایک مقامی شخص کی لاش برآمد کی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر رام بن سے پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی، ایک نالے سے لاش کو نکالا اور پوسٹ مارٹم اور قانونی طبی کارروائیوں کیلئے اسے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا۔پولیس نے متوفی کی شناخت 25 سالہ ویدیش کمار ولد بھہمل سکنہ گاؤں درمن مارگ، تحصیل راج گڑھ رام بن کے طور پر کی ہے۔ایس ایچ او، پولیس اسٹیشن رام بن، وجے کوتوال نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ متوفی کی موت مشتبہ حالات میں ہوئی ہے اور موت کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لئے دفعہ 174 کے تحت تفتیشی کارروائی، سی آر پی سی پولیس اسٹیشن رام بن میں شروع کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مزید تحقیقات کے لئے پولیس ٹیم کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے۔