یو این آئی
لندن// ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے والے انگلینڈ کے تیز گیند باز جیمز اینڈرسن جلد ہی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔ اینڈرسن نے اس سال ہندوستان کے دورے کے دوران دھرم شالہ ٹیسٹ میں اپنی 700 ویں ٹیسٹ وکٹ حاصل کی اور یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے گیندباز بن گئے ۔ 41 سالہ کھلاڑی نے یہ کارنامہ اپنے کیریئر کے 187 ویں ٹیسٹ میں انجام دیا تھا۔ تاہم عمر کا اثر ان کی کارکردگی پر صاف نظر آرہا تھا اور انہوں نے سات اننگز میں صرف 110 اوور گیندبازی کی تھی۔ فاسٹ باؤلر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران 32 مرتبہ پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین بار دس وکٹیں حاصل کیں۔ دی گارڈین کے مطابق اینڈرسن جولائی میں ویسٹ انڈیز کی ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران 42 سال کے ہو جائیں گے ۔ اس کے بعد وہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران ریٹائر ہو سکتے ہیں، جس کا پہلا میچ اگست کے آخر میں اینڈرسن کے ہوم گراؤنڈ اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا جائے گا۔ فی الحال اینڈرسن کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ورک لود منیجمنٹ کی وجہ سے وہ مئی کے آخر تک کوئی بھی کاؤنٹی میچ کھیل سکیں گے ۔