عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں شہر کے مضافاتی گریٹر کیلاش علاقے میں ایک 39 سالہ شخص کے قتل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جموں، ڈاکٹر ونود کمار، نے انچارج پولیس پوسٹ گریٹر کیلاش پونیت شرما کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
پولیس نے اس سلسلے میں بدنام زمانہ لینڈ گرابر رویندر کمار عرف گولا شاہ سمیت چھ لوگوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اوتار سنگھ ولد بلبیر سنگھ ساکن کالوچک پر منگل کی شام 6 بجے کے قریب لوگوں کے ایک گروپ نے اس وقت حملہ کیا تھا جب اس نے ایک پلاٹ پر زبردستی قبضہ کرنے پر اعتراض کیا جو اس نے مبینہ طور پر دوسرے فریق کے ذریعہ خریدا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ دو گروپوں کے درمیان جھڑپ میں اوتار سنگھ کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ترجمان نے بتایا کہ گنگیال پولیس نے پہلے ہی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔