عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ پر 25 مئی تک پولنگ ملتوی کرنے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی تنقید کی۔
ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ انہیں حلقے کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
عبداللہ نے اننت ناگ-راجوری سیٹ پر انتخابات کے التوا کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایا، “دیکھیں، یہ ہمارے بس میں نہیں تھا (انتخابات کو ملتوی کرنا)۔ الیکشن کمیشن نے اسے موخر کر دیا۔ ان کو مبارک ہو”۔
اننت ناگ-راجوری سیٹ پر پارٹی کی طاقت اور اس کی جیت کے امکانات کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں، انہوں نے کہا، “میں صرف یہ کہہ سکتا ہوں، مجھے لوگوں پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمیں اللہ پر پورا بھروسہ ہے”۔
این سی کے امیدوار اور سابق وزیر میاں الطاف احمد نے بھی ای سی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے انتخابات کی تاریخ میں انتخابات کے التوا کی ایسی مثال نہیں دیکھی۔
اُنہوں نے کہا کہ تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ انتخابات ملتوی ہوئے ہوں۔ میں نے ایسی مثال کبھی نہیں سنی کہ محض لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے الیکشن ملتوی ہوئے ہوں۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ الطاف نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک غیر جمہوری قدم ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نظام کے خلاف عوام کا غصہ مزید بڑھے گا۔
اُنہوں نے کہا، “ایسے قدم کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اننت ناگ کے لوگوں کو راجوری-پونچھ پٹی کے ساتھ ملا کر حد بندی کے بعد جو سیٹ بنائی گئی ہے وہ ناانصافی اور ظلم ہے۔ لوگ پہلے ہی محسوس کر چکے ہیں۔ وہ اس پر ناخوش ہیں۔ یہ صرف ایک بہانہ ہے”۔
اننت ناگ-راجوری لوک سبھا سیٹ کے لیے انتخابات، جو 7 مئی کو ہونے والے تھے، الیکشن کمیشن نے 25 مئی تک ملتوی کر دیے۔
یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے سربراہ رویندر رینہ، جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری، پیپلز کانفرنس کے رہنما عمران انصاری اور دیگر سمیت کئی رہنماوں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر کے اس سیٹ پر نامساعد موسمی صورتحال کے درمیان انتخابات کو دوبارہ شیڈول کرنے کی درخواست کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ سڑک کی صورتحال، موسم اور علاقے تک رسائی کے بارے میں فوری طور پر تفصیلی رپورٹ پیش کرے، جس میں جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں اور جموں کے علاقے پونچھ اور راجوری کے علاقوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انتخابات 25 مئی کو ہوں گے۔