محمد رضی الاسلام ندوی
قرآن اور سائنس کے موضوع پر ماضی قریب میں بہت سی کتابیں مختلف زبانوں میں منظر عام پر آئی ہیں۔ اردو میں بھی خاصی کتابیں اس موضوع پر پائی جاتی ہے ۔حال میں ایک اور کتاب کا اضافہ ہوا ہے، وہ ہے جناب شہباز رشید بہورو کی ‘اسلام ، سائنس اور تحقیق۔ شہباز رشید صاحب معروف صاحبِ قلم ہیں ۔ ان کے مضامین علمی موضوعات پر اخبارات کی زینت بنتے رہتے ہیں۔ ان میں سے سائنسی موضوعات پر مضامین کا مجموعہ زیرِ نظر کتاب کی صورت میں شائع کیا گیا ہے۔ یہ کتاب 19 مضامین پر مشتمل ہے۔ چند مضامین میں قرآن اور سائنس کے درمیان تقابل کرتے ہوئے سائنس کی نارسائی اور قرآن مجید کی حقّانیت و حجّیت ثابت کی گئی ہے۔ احادیث اور سائنس کا بھی موازنہ کرتے ہوئے سائنسی معلومات کی روشنی میں چند احادیث کا جائزہ لیا گیا ہے۔ کتاب میں جابجا مسلمانوں کی عظمتِ رفتہ کا حوالہ ملتا ہے اور موجودہ دور کے مسلمانوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ سائنس و ٹکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں۔ سائنس اور اسلام کے درمیان تضاد ہے یا ہم آہنگی ، اس پر بحثیں ہوتی رہی ہیں ۔ اس کتاب میں بھی اس حوالے سے دونوں کے درمیان اختلاف و اتفاق کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
تمام مضامین بہت محنت سے لکھے گئے ہیں ، جدید تحقیقات سے مصنف نے اپنی باتوں کو مدلّل کیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ زبان بہت آسان اور رواں ہے۔ امید ہے کہ اس سے استفادہ کا دائرہ وسیع ہوگا ۔
کتاب پر ڈاکٹر محمد رضوان ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹر فار اسٹڈی اینڈ ریسرچ ، جماعت اسلامی ہند نئی دہلی اور پروفیسر حمید نسیم رفیع آبادی ڈائریکٹر انٹرنیشنل سینٹر فار اسپریچول اسٹڈیز ، اسلامک یونی ورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ ، کشمیر کی تعارفی تحریریں ہیں ، جن میں اسلام اور سائنس کے موضوع پر اظہارِ خیال کے ساتھ مصنف کی کاوش کو سراہا گیا ہے ۔ اس کتاب کوہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس نئی دہلی نے چھاپا ہے۔ صفحات : 128 ، قیمت : 150 روپے ۔مصنف سے رابطہ :7780910136