عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// ڈائریکٹر جنرل جموں و کشمیر پولیس (ڈی جی پی) آر آر سوین نے پیر کو کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں لوک سبھا انتخابات کے دوران سب کے لیے محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز تمام سٹیک ہولڈرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
سوین نے کٹھوعہ میں خواتین پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، “انتخابات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ ہم محفوظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ رائے دہندگان، عوامی ریلیوں اور امیدواروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہمارے افسران اور فورسز چوبیس گھنٹے منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں مصروف ہیں”۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اس جمہوری مشق میں مرکز اور اس کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
وہ پولیس اور پولیس فورس میں توسیع سے متعلق سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا، “پولیس قیادت فورسز میں خواتین کی شمولیت کے بارے میں حساس ہے۔ ہمارے ہاں فورسز میں خواتین کی صرف چھ فیصد موجودگی ہے۔ ہم اسے آگے بڑھائیں گے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیر کو 922 خواتین کانسٹیبل فورس میں شامل ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں توسیع حکومت کا فیصلہ ہے۔ “ہم اس کے بارے میں حکومت کو آگاہ کریں گے۔ ہم امن و امان، تفتیش اور انٹیلی جنس جمع کرنے کے طریقہ کار کو مزید مضبوط کریں گے”۔
جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات پانچ مرحلوں میں ہوں گے – (19 اپریل (اودھم پور)، 26 اپریل (جموں)، 7 مئی (اننت ناگ-راجوری)، 13 مئی (سرینگر) اور 20 مئی (بارہمولہ)- ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔