عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ماہ صیام کا آخری عشرہ شروع ہونے سے قبل ہی لالچوک اور اسکے مضافاتی بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے اور اس وقت لوگ زیادہ تر عید تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں جس کا بیشتر حصہ خوردنی اشیاء اور ملبوسات پر مشتمل ہے ۔ سنڈے مارکیٹ بھی اسی گہماگہمی کے ساتھ جاری رہا جہاں لوگوں کی کافی تعداد نے آخر خریداری کی ۔اس دوران لالچوک اور اسکے مفصلات و ملحقہ جات میں شدید ٹریفک جام نظر آیا ۔ بازاروں میں کافی چہل پہل شروع ہوگئی ہے اور لوگ عید تیاریوں میں مصروف نظر آنے لگے ہیں ۔گذشتہ دو روز تک سرینگر سمیت وادی بھر میں موسلا دھار بارشوں کے بعد اتوار کی صبح سے ہی موسم خوشگوار رہا اور صبح سے ہی لالچوک سے پولوویو تک لگے سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بھار ی بھیڑ نظر آنا شروع ہوئی اور دوپہر تک لاکھوں لوگوں نے خصوصی سنڈے مارکیٹ میں آکر جم کر خریداری کی ۔دودراز علاقوں سے آئے صارفین نے زیادہ تر عید اور دیگر متبرک ایام کے حوالے سے خریداری کی ۔