عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وسطی کشمیر کے سرینگر ضلع کے علاقوں میں کام کرنے والے ای رکشہ ڈرائیوروں نے جمعہ کو ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے خلاف دو روزہ ہڑتال کی کال دی۔ڈرائیوروں نے آل کشمیر ای رکشہ ایسوسی ایشن کے بینر تلے احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں شہر میں چلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر ارشد عباس نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے انہیں کرن نگر علاقے میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی، جس کا ذکر آر ٹی او دفتر کے ذریعہ منظور شدہ روٹ پلان میں پہلے ہی کیا جاچکا ہے۔عباس نے کہا، “ہم ان وجوہات کو نہیں سمجھتے جن کی وجہ سے ہمیں مقررہ روٹ پلان میں کام کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ ہم نے اپنے مطالبات کے حق میں آج احتجاج کیا ہے۔ اگر ہمیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے تو ہم نے بینکوں سے جو قرض لیا ہے وہ حکومت کو خود ادا کرنا چاہیے”۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اس اقدام کے خلاف احتجاج کیلئے دو روزہ ہڑتال کی کال دی ہے اور اس سلسلے میں وہ کل لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کرنے والے ہیں۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک، مظفر شاہ نے بتایا کہ ای رکشہ ڈرائیوروں کو مقررہ روٹ پلان پر کام کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔