عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ہولی کے تہوار کے موقع پر جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آر آر سوین نے جموں و کشمیر کے لوگوں،سیکورٹی فورسز کے شہید ہونے والے ہیروزکے کنبوں اور پورے جموں و کشمیر کے ارکان کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اپنے پیغام میں ڈی جی پی نے کہا کہ ہولی ایک خاص جشن ہے جو اتحاد اور بھائی چارے اور اجتماعی لطف اندوزی کے جذبے کو ابھارتا ہے۔ ڈی جی پی نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اہلکارکے طور پر، ہماری روزمرہ کی زندگیوں اور قوم کی خدمت میں محبت، احترام اور باہمی تعاون کی اقدار کو برقرار رکھنے کی انوکھی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جے کے پولیس کے شہید ہونے والے ہیروز کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عوامی تحفظ اور امن کے لئے ان کی وابستگی ہم سب کے لئے ایک تحریک ہے، اور اس نے سب کے لئے ایک محفوظ اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا کرنے کے لئے مزید تندہی سے کام کرنے کے ہمارے عزم کو مضبوط کیا ہے۔ڈی جی پی نے امید ظاہر کی کہ رنگوں کا تہوار مرکز کے زیر انتظام علاقے کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جائے گا، بھائی چارے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط کرے گا جو کہ برسوں سے جموں و کشمیر کی پہچان رہی ہے۔