عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ //ڈاکٹر منوہر لال شرما، سابق وزیر نے گاؤں منڈلی میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا اور آئندہ پارلیمانی انتخابات کیلئے کانگریس کے امید وار چوہدری لال سنگھ کا پرجوش استقبال کیا۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منوہر لال نے کہاکہ یہ ان تمام مشکلات اور نا انصافیوں کو حل کرنے کا وقت ہے جن کا سامنا گزشتہ 10برسوں کے دوران عام لوگوں نے کیا ہے ۔انہوں نے بلائور کے حلقے کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے پر غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایک بھی منصوبہ عمل میں نہیں لایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ممبر پارلیمنٹ کا رویہ اس قدر متکبرانہ رہا ہے کہ ان کے دفتر تک رسائی ہر کسی کے لئے خواب بن کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام کارکنان سے اپیل کی کہ وہ چوہدری لعل سنگھ کی بھرپور حمایت کریںاور اس کی جیت کو یقینی بنائیں تاکہ ان مصائب کو ختم کیا جا سکے جن کا ہم اب تک سامنا کر رہے ہیں۔چودھری لال سنگھ نے کارکنوں کے جوش و خروش کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا اور وعدہ کیا کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی مشکلات ختم کر دیں گے۔ چوہدری لال سنگھ نے کہا کہ وہ پورے جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپوزیشن کی آواز کو دبانے کیلئے سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ لوگوں کی نوکریوں اور زمینوں کے حقوق کیلئے لڑیں گے اور ڈوگروں کی آواز پارلیمنٹ میں گونجے گی۔