عظمیٰ نیوز سروس
جموں //رویندر رینہ صدر، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جموں و کشمیر، نے مڑھ اور منڈل پھلین علاقوں کے تحت سرحدی پٹی میں ریلیوں میں شرکت کی ۔رویندر رینہ نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے ملک اور بالخصوص جموں و کشمیر میں بے مثال ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں بی جے پی نے لوگوں کے لئے مواقع کے دروازے کھول دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے معاملے میں مودی حکومت میں ہر کمیونٹی کو انصاف ملا ہے اور ترقی کے ثمرات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔رویندر رینہ نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر 370 کی منسوخی کے بعد ترقی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے کیونکہ یہ کچھ سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں لوٹ ماراور لوگوں کے جذبات سے کھیلنے کا آلہ بن گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی عوام کو گمراہ کر کے اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھ چکے ہیں کہ وہ مذہب اور علاقے کے نام پر عوام کو مزید بے وقوف نہیں بنا سکتے۔رویندر رینہ نے کہا کہ عوام نے کانگریس اور دیگر پارٹیوں کی حکمرانی دیکھی ہے اور غلط حکمرانی اور خاندانی سیاست کو فروغ دینے کیلئے ان جماعتوں کو یکسر مسترد کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا کو ایک مرتبہ پھر سے ووٹ ڈال کر کامیاب کرنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔سکھ نندن چودھری نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں نے سیاسی نظام میں لوگوں کا اعتماد بڑھایا ہے اور اب انہیں یقین ہو گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی ملک کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کا وژن رکھتے ہیں۔