عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر کا مشہور ٹیولپ گارڈن، جو ایشیا کے سب سے بڑے باغات میں سے ایک ہے، ہفتے کے روز سرکاری طور پر عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق، رواں سال باغ میں مختلف اقسام کے 17 لاکھ پھولوں سے کھلے ہیں۔ اس سال پانچ نئی پھولوں کی اقسام شامل کی گئی ہیں۔
محکمہ پھولبانی کے ایک افسر نے بتایا کہ رواں سال انہوں نے پھولوں کی پانچ نئی اقسام شامل کیں ہیں اور سیاحوں کو باغ میں 1.7 ملین ٹیولپس نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا، “وہ لمحہ آ گیا ہے جب ٹیولپ گارڈن کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ قومی اور بین الاقوامی سیاح ٹیولپس کی خوبصورتی کو دیکھنے کیلئے باغ کا دورہ کر رہے ہیں”۔
زبروان پہاڑی سلسلے کے دامن اور شاندار ڈل جھیل کے کناروں پر واقع یہ دلکش باغ – سرخ، پیلے اور گلابی رنگ کے جلد کھلنے والے اور دیر سے کھلنے والے ٹیولپ کی متعدد اقسام پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے باغ کے افتتاح سے قبل، صوبائی کمشنرکشمیر، وجے کمار بدھوری نے سیاحوں کیلئے ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ بلائی تھی۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر فلوریکلچر، ایس ایس پی ٹریفک سرینگر، جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی، محکمہ سیاحت اور سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیاحوں کیلئے باغ کھولنے، ٹریفک کے انتظام، پارکنگ کی جگہ، صفائی ستھرائی، صفائی مہم، گڑھوں کو ٹھیک کرنے، آن لائن ٹکٹنگ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔