عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے اودھم پور لوک سبھا حلقہ میں 19 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا نوٹیفکیشن بدھ کو جاری کیا گیا۔
اودھم پور- کٹھوعہ حلقہ ملک بھر کے 102 حلقوں میں سے ایک حلقہ ہے جہاں پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو پولنگ ہو رہی ہے۔
کٹھوعہ کے ضلع مجسٹریٹ راکیش منہاس، جو اس حلقے کے ریٹرننگ افسر بھی ہیں، نے بدھ سے نامزدگی داخل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ منہاس نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 مارچ ہے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 28 مارچ کو ہوگی جبکہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ ہے۔
ابھی تک صرف بی جے پی اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) نے اس سیٹ کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ بی جے پی کی طرف سے اس نشست سے الیکشن لڑیں گے جبکہ ڈی پی اے پی نے غلام محمد سروڑی کو میدان میں اتارا ہے وہیں باقی علاقائی اور قومی سیاسی جماعتوں نے تاحال کسی امیدوار کو نامزد نہیں کیا ہے۔