عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 2 اساتذہ، انیتا شرما اور رمن چنیال کی تنزلی کر دی ہے، جنہوں نے جعلی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کا استعمال کرتے ہوئے ترقیاں حاصل کیں ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں اساتذہ نے 2003 میں مگدھ یونیورسٹی سے کیمسٹری میں پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں حاصل کی تھیں، حالانکہ اس وقت یونیورسٹی نے ایسا کوئی کورس پیش نہیں کیا تھا۔ نتیجے کے طور پر، انیتا شرما، جو اس وقت سرنا، سانبہ میں ہائر سیکنڈری سکول کی پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، اور کٹھوعہ کے مچھیڈی میں ہائیر سیکنڈری سکول میں تعینات پرنسپل رمن چنیال کے عہدوں میں تنزلی کر کے ٹیچر کے طور پر اپنے فرائض دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ تادیبی کارروائی اس وقت سامنے آئی جب یہ پتہ چلا کہ انیتا شرما اور چنیال نے جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر اپنے کیریئر میں ترقی کی ہے۔ انیتا شرما کو 2004 میں انچارج لیکچرر کے عہدے پر ترقی دی گئی، جس کے بعد انہیں مانسر کے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میں تعینات کیا گیا۔ تاہم، اصل اہلیت کے دستاویزات فراہم کرنے میں اس کی ناکامی کی وجہ سے 2004 اور 2006 کے درمیان اُن کے الاونسز کو معطل کر دیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے مزید بتایا گیا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن نے 5 مارچ کو ایک حکم نامہ جاری کیا، جس میں سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے چیف ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انیتا شرما اور چنیال کو دوبارہ تدریسی ذمہ داریاں سونپ دیں۔ دونوں اساتذہ کو اپنے متعلقہ اضلاع میں چیف ایجوکیشن آفیسر کے دفتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔