عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے تحصیل چھاترو سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے میڈیم فاسٹ بولر بشارت حسین وانی نے حال ہی میں ختم ہونے والے انڈین اسٹریٹ پریمیئرلیگ کے پہلے ایڈیشن میں اپنی شاندار کارکردگی سے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کا پرچم سربلند رکھا۔ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی ‘ماجھی ممبئی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے بشارت نے لیگ میں کھیلے گئے پانچ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں جن میں 3/17 ان کی بہترین کارکردگی رہی۔ باصلاحیت بائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر نے سری نگر کے ویر اور فالکن رائیڈرز حیدرآباد کے خلاف ٹورنامنٹ میں دو بار 3/17 وکٹیں حاصل کی اور اس کے علاوہ چنئی سنگمز کے خلاف 1/37 جبکہ ٹائیگرز آف کولکتہ کے خلاف 2/3 اور چنئی سنگمز کے خلاف سیمی فائنل میں 2/17 وکٹیں حاصل کیں۔ ماجھی ممبئی کم اسکور والے فائنل میں کولکتہ کے مضبوط ٹائیگرز کے خلاف ہار گئی۔ بشارت کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے انڈر 19 اور انڈر 23 مردوں کے کیمپوں کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے ۔ اس کے علاوہ سری نگر میں منعقد ہونے والے دہلی کیپٹلز کیمپ کا بھی حصہ رہے۔ بشارت نے بتایا کہ میرا حتمی مقصد قومی منظر نامے پر جے کے سی اے کی نمائندگی کرنا ہے۔ بشارت کی اس بہترین کارکردگی پر علاقہ میں خوشی کی لہر ہے اور انھیں مبارک باد دینے کیلے انکے گھر بھاری بھیڑ جمع ہوتی ہے۔