عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// پولیس نے اتوار کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت ایک بدنام زمانہ گینگسٹر کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ منظم جرائم اور مطلوب مجرموں کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھتے ہوئے ایس ایس پی جموں کی رہنمائی میں پولیس تھانہ گنگیال کی ٹیم نے مطلوب مجرم وکرم جیت سنگھ عرف وکی کے پی ایس اے وارنٹ پر عمل درآمد کیا اور اسے گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ٹیم کی قیادت سٹیشن ہاوس آفیسر (ایس ایچ او) گنگیال، ہرموہندر سنگھ اور پی ایس آئی عاقب لطیف کر رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ وکرم جیت کے خلاف مختلف تھانوں میں 15 ایف آئی آر درج ہیں، اور اُس کی گرفتاری کے متعدد وارنٹ جاری کئے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ اس کی نظر بندی جموں ضلع میں امن و امان کو بہتر بنانے میں پولیس کے ایک اور قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔