عظمیٰ نیوزسروس
کپوارہ//ڈپٹی کمشنر کپوارہ آیوشی سودن نے سنیچر کو فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ ایکٹ (ایف ایس ایس اے) 2006 کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ افسران کی میٹنگ طلب کی۔انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ فوڈ سیفٹی رولز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ صارفین کو صحت بخش خوردونوش مل سکے۔
انہوں نے فوڈ سیفٹی افسروں پر زور دیا کہ وہ ضلع میں خاص طور پر بڑے قصبوں میں بازار کے معائنہ کو تیز کریں تاکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کی غلطی سے غیر صحت مندانہ طریقوں کو روکا جا سکے۔قبل ازیں میٹنگ میں ایف ایس ایس ایکٹ کے مناسب نفاذ کیلئے کیے گئے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بحث ہوئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فوڈ بزنس کا وقتاً فوقتاً سروے کیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی کہ تمام فوڈ بزنس لائسنس یا رجسٹرڈ ہیں۔اس کے علاوہ میٹنگ میں مانیٹرنگ انفورسمنٹ، انسپکشن، سیمپلنگ پراسیکیوشن اور فوڈ سیفٹی سے متعلق فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی کپوارہ رفیع احمد ڈار نے ڈی سی کو محکمہ کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی اور بتایا کہ رواں سال کے دوران 1465 معائنہ کیا گیا۔