عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پربھاری جموں و کشمیر ترون چْگ اور صدر جموں و کشمیر بی جے پی رویندر رینہ کی قیادت میں پارٹی لیڈران کی جانب سے پارٹی ہیڈ کوارٹر جموں میں پارلیمانی حلقہ کور گروپ کا اجلاس منعقد کیا ۔قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک کا موڈ بی جے پی کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا 10 سالہ رپورٹ کارڈ کامیابیوں سے بھرا ہوا ہے اور اس سے بی جے پی کو 400 سیٹیں جیتنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں سے غریبوں اور ضرورت مندوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے کیونکہ پی ایم آواس یوجنا کے تحت 4 کروڑ لوگوں کو گھر ملے ہیں، 80 کروڑ لوگوں کو مفت راشن مل رہا ہے، آزادی کے بعد 14 کروڑ لوگوں کو نل کے پانی کے کنکشن ملے ہیں۔ اجولا یوجنا کے تحت 11 کروڑ لوگوں کو مفت گیس کنکشن ملے ہیں، غریبوں کے لئے 12 کروڑ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیںجبکہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت 60 کروڑ لوگوں کو میڈیکل کور ملا ہے اور جموں و کشمیر میں 100 فیصد میڈیکل کور ہے اور 370 اور 35A کو منسوخ کیا گیا ہے۔چْگ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور جرات مندانہ فیصلے لینے کے عزم کو عوام نے بڑے پیمانے پر سراہا ہے، جس سے بی جے پی کو آئندہ پارلیمانی انتخابات میں فیصلہ کن کامیابی ملے گی تاکہ بی جے پی کو تیسری بار حکومت بنانے کی راہ ہموار ہوسکے۔رویندر رینہ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈروں کی طرف سے ووٹروں اور علاقوں کی سو فیصد کوریج پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے جموں ریاسی پارلیمانی حلقہ کور گروپ میں موجود پارٹی کے سینئر لیڈروں سے کہا کہ وہ اس پارلیمانی الیکشن میں ہر ایک ووٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر نوجوان ووٹروں پر توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈروں سے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو مودی سرکار کو بھاری تعداد میں ووٹ دے کر قوم کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر نریندر سنگھ، قومی سکریٹری، ڈاکٹر نرمل سنگھ، پارلیمانی کلسٹر انچارج، جوگل کشور شرما، ایم پی (لوک سبھا) اور جموں کے امیدوار،اشوک کول و دیگر سنیئر لیڈران بھی موجود تھے ۔