عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بھاجپا کے ریاستی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اشوک کول نے کہا ہے کہ بھاجپا کی مودی ختم نے دفعہ 370کو ختم کر کے جموں وکشمیر میں امن کی بحالی اور تعمیر و ترقی پر توجہ مبذول کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے معززین کے استقبال کیلئے منعقدہ ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس دوران 42 بزرگ شہری بشمول ایگزیکٹو انجینئر، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر، چیف ایجوکیشن آفیسر، ڈویژنل منیجر، ڈپٹی کمشنر، پولیس افسران وغیرہ نے بی جے پی ہیڈ کوارٹر، تریکوٹہ نگر میں ایک کن پروگرام کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اشوک کول نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور خاص طور پر جموں و کشمیر کے باشندوں کا وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ میں آرٹیکل 370 کے نام سے جو سیاہ نقطے موجود تھے اس کو سابقہ جموں و کشمیر ریاست کے لوگوں کی بہتر بھلائی کے لئے ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی جیسی سیاسی جماعتوں نے عوام کا استحصال کیا اور 370 کے محافظ کے تحت نظام میں موجود خامیوں کو استعمال کیا، جس کے نتیجے میں اس خطے کی بڑی آبادی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ہوا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے ترقی میں رکاوٹ کو دور کیا، 370 کو ختم کیا اور خطے میں امن اور ترقی کو بحال کیا۔ لوگوں کو اب یقین ہے کہ صرف بی جے پی ہی جموں و کشمیر کو ترقی کے نئے دور کی طرف لے جا سکتی ہے اور لوگ اب ایک امید کیساتھ بھاجپا میں شامل ہو رہے ہیں ۔