عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد روف حمان کی سربراہی میں ایک مارکیٹ چیکنگ ٹیم نے جمعرات کو کپوارہ کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔یہ مہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے چلائی گئی کہ تمام ضروری اشیاء کو حکومت کے منظور شدہ نرخوں پر معیار کے مطابق فروخت کیا جائے اور استعمال کی اشیاء کی وافر دستیابی ہو۔
مارکیٹ چیکنگ ٹیم میں تحصیلدار کپوارہ، پولیس، ایف سی ایس اینڈ سی اے، میونسپل کونسل کپوارہ، لیگل میٹرولوجی اور فوڈ سیفٹی کے محکموں کے افسران شامل تھے۔انہوں نے کپوارہ شہر کے مختلف بازاروں میں بازار کی سخت چیکنگ کی اور بس سٹینڈ مارکیٹ، بائی پاس روڈ، حجاج مارکیٹ اور اقبال بازار، جامع مسجد بازار، در گلی اور پرانا چوک کپواڑہ اور دیگر بازاروں کا معائنہ کیا۔ مارکیٹ چیکنگ ٹیم نے کاروباری یونٹس بشمول بیکری، سبزی، پھل، گوشت اور مرغ کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حفظان صحت کے حالات اور تیاری کی تاریخ اور استعمال کی تاریخ وغیرہ کو بھی چیک کیا۔بازار کی چیکنگ کے دوران تمام تاجروں کو بالعموم گوشت،مرغ، سبزی اور پھل فروشوں کو خاص طور پر مصنوعات کی کوالٹی برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ غلطی کرنے والے تاجروں پر 2500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور اچھی خاصی مقدار میں سڑی ہوئی سبزیاں اور پھل موقع پر تلف کر دی گئیں۔