عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// خراب موسمی صورتحال اور مسلسل بارش کی وجہ سے رام بن بانہال سیکٹر میں کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “جموں سرینگر قومی شاہراہ رام بن اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر مٹی کے تودے / پتھروں گرنے، خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے بند ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر سے گریز کریں جب تک کہ موسم بہتر نہ ہو اور سڑک صاف نہ ہو۔
انہوں نے کہا سفر شروع کرنے سے براہ تازہ ترین اپ ڈیٹ کے لیے ٹریفک کنٹرول یونٹ سے رابطہ کریں۔
قبل ازیں، بدھ کو ایک ایڈوائزری میں ٹریفک پولیس نے کہا کہ بہتر موسم اور سڑک کی اچھی حالت کے پیش نظر، کل، جمعرات کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر دونوں طرف سے چھوٹی گاڑیوں (LMVs) کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
اُنہوں نے کہا کہ بڑی گاڑیاں (HMVs)کو سڑک کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جکھینی (اودھم پور) سے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ سرینگر-سونمرگ-گمری، مغل روڈ، بھدرواہ-چمبا روڈ، اور کشتواڑ-سنتھن-اننت ناگ برف جمع ہونے کی وجہ سے مسدود ہیں۔
ٹریفک پولیس نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹس سے سڑک کی حالت کی تصدیق کے بعد ہی سرینگر جموں قومی شاہراہ پر سفر شروع کریں۔