محمد تسکین
سرینگر+بانہال//موسمیاتی مرکز سرینگر کی پیشگوئی کے مطابق پیر کی شام سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔اسکے علاوہ چند بالائی مقامات بشمول جواہر ٹنل سمیت پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر تازہ برفباری اور بانہال اور رام بن کے درمیانی سیکٹر میں بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر کو پیش گوئی کی تھی کہ موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ 12 مارچ کو موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہے گا۔یہ بھی پیش گوئی کی گئی ہے کہ 13 مارچ کو تیز ہوائوں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ 14 مارچ کو چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کے امکان کے ساتھ موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہے گا۔15 سے 20 مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ادھررات کا درجہ حرارت بہتر ہوا اور اتوار اور پیر کی درمیانی راتوں کے دوران وادی کشمیر کے تمام اسٹیشنوں پر معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ادھرجموں سرینگر قومی شاہراہ پر ناشری ٹنل کے آر پار پیر کی صبح سے ہی ٹریفک جام کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور دونوں طرف سے ٹریفک کو باری باری ڈھلواس کے مقام پر گزارا گیا۔ گزشتہ روز ڈھلواس کے علاوہ شاہراہ کے کئی مقامات پر ضرور ی مرمت کیلئے ضلع رام بن کی انتظامیہ نے چودہ گھنٹوں تک ٹریفک بند کیا۔لیکن اس کے باوجود ڈھلواس کے مقام پر شاہراہ میں خاص بہتری نہیں آئی ہے۔ ٹریفک جام کیوجہ سے گاڑیوں کونگروٹہ ، ادہمپور ، چیننی ، بانہال اور قاضی گنڈ میں ٹریفک کو روکنا پڑا اور بعد میں ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔اتوار کی دوپہر جموں سے نکلے مسافر پیر کی صبح چار بجے چودہ گھنٹوں کے بعد سرینگر پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں میں مرد و خواتین اور بزرگ و بچوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر اتوار سے متاثرہ ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت دی گئی تاہم ڈھلواس کی پسی کے آر پار ٹریفک کی نقل و حرکت پیر شام شام تک جاری تھی۔