عارف بلوچ
اننت ناگ//ڈورو کا ایک نوجوان ماضی قریب میں خود روزگار کی تلاش میں سرگرداں تھا لیکن آج دوسروں کو روزگار فراہم کررہا ہے۔مفید احمد شاہ ساکن ڈورو اب شاہ انڈسٹری کے مالک کی حیثیت سے کامیاب کاروباری نوجوان کے طور پر ابھرا ہے ۔مفیدشاہ نہ صرف اپنا روزگار کما رہا ہے بلکہ دوسروں کیلئے بھی روزگار کا وسیلہ بن چکا ہے۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ میری زندگی جدوجہد سے بھری پڑی ہے۔گریجویشن مکمل کرنے کے بعد میں نے کیبل ٹی وی پر سرمایہ کاری کی تاہم وہ گھاٹے کا سودا ثابت ہوا جس کے بعد میں نے ایک اور کاروبار میں اپنی قسمت آزمائی کی اوراس میں نقصان ہوا‘‘۔انہوں نے مزید کہا ’’مسلسل ناکامی کے بعد کافی دلبرداشتہ ہوا اور مایوسی کے عالم میں کئی سال گزارے،جس دوران گھروالوںبالخصوص بہن نے ادھوری تعلیم دوبارہ شروع کرنے پر آمادہ کیا اور میں نے پھر سے تعلیمی سفر شروع کیا اور ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد جموں و کشمیر انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (جے کے ای ڈی آئی)سے مالیاتی قرضہ حاصل کرکے CNCمشین خریدی جس کے ذریعے لکڑی پر مختلف طریقے سے ڈیزائن کیا جاتا ہے‘‘۔مفید کا کہنا ہے کہ سی این سی کے ذریعے پہلے لکڑی کا ڈیزائن کمپیوٹر پر تیار کیا جاتا ہے،جس کے بعد کام شروع ہوتا ہے اور اس میں غلطی کی گنجائش نہیں رہتی ۔انہوں نے کہا کہ وہ دن بڑے چلینج سے بھرے تھے تاہم ہمت اور حوصلے سے کام کو آگے بڑھاتا گیا۔شاہ کا کہنا ہے کہ اسے سرکاری نوکری میں کھبی بھی دلچسپی نہیں تھی،اگر چہ انہیں سرکاری نوکری ملی بھی تھی‘‘۔مذکورہ نوجوان کے مطابق ’’میری ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ میں اپنے ساتھ دوسروں کیلئے بھی روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ بن سکوں اور یہی وجہ ہے کہ اس وقت میری صنعت میں 30افراد دن رات کام کر تے ہیں‘‘ ۔انہوں نے کہا ’’ابتدائی ایام میں میرے پاس صرف CNCاور vacuum memreneمشینیں تھیں تاہم فی الوقت مزید6مشینیں قائم ہیں۔انہوںنے نوجوانوں سے اپیل کی کہ آپ بھی زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں بس آپ اپنی ناکامیوں کو اپنے اوپر حاوی نہ ہونے دیں۔