عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جے اینڈ کے بینک نے سنیچر کو ایک دو روزہ ہوم لون میلہ شروع کیا ۔ سنگرمال کمپلیکس سرینگر اور جموں کے گاندھی نگر میںایک آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیاجس میں لوگوں کو بنیادی طور پر ہاؤسنگ لون فراہم کرنے کیلئے مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ایم ڈی اور سی ای او بلدیو پرکاش نے جموں میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سدھیر گپتا، جنرل منیجروں آشوتوش سرین ، سنیت کمار، نرجے گپتا اور شریش کمار کے علاوہ ڈپٹی جنرل منیجرز، کلسٹر ہیڈز، مارکیٹنگ ٹیموں اور دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں لون میلے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایم ڈی اور سی ای او نے کہا’’جے اینڈ کے بینک کچھ عرصے سے ایک تبدیلی سے گزر رہا ہے اور اس میگا میلے کا مقصد اس حقیقت کو اجاگر کرنا ہے کہ بینک نے اپنی مصنوعات اور خدمات کو بہتر بنایا ہے، خاص طور پر قرضے وہ سہولیات جو صارفین کیلئے بہت کم ٹرن اراؤنڈ ٹائم (TAT) کے ساتھ زیادہ آسانی سے قابل رسائی بنائی گئی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ’ آسان اور مناسب مالیات تک رسائی کے لیے ہماری وسیع رینج کے لون پروڈکٹس اور خدمات سے انتخاب فراہم کرنے کے علاوہ، لون میلہ صارفین کو بہترین اور جدید ترین ماڈل والے گھر، کار یا بائیک سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرتا ہے‘۔تعطیلات میں بھی صارفین کی خدمت کرنے کے عملے کے عزم کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرض میلہ نے لوگوں کو بینک کے کام کاج میں تبدیلی کا احساس دلانے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے مزید کہا’’ہم نے اس کی وسیع تشہیر کی ہے۔ میں لوگوں سے درخواست کروں گا کہ وہ بڑی تعداد میں یہاں آئیں اور اپنی مختلف ضروریات کے لیے جامع مالیاتی حل حاصل کریں‘‘۔دریں اثناء سرینگرمیں جنرل منیجر اور ڈویژنل ہیڈ (کشمیر) تبسم نذیر نے ڈپٹی جنرل منیجر (کنزیومر اینڈ کمرشل بینکنگ) ارشد حسین ڈار، زونل ہیڈز، کلسٹر ہیڈز، برانچ منیجرز، مارکیٹنگ ٹیموں کی موجودگی میں افتتاح کیا۔اس موقع پر تبسم نذیر نے کہا کہ’ ہماری مصنوعات کے بارے میں آگاہی پیدا کرتے ہوئے اس میلے کو ایک مارکیٹ پلیس کے طور پر بنایا گیا ہے جہاں عوام کی سہولت کیلئے مالیاتی مصنوعات آسانی سے دستیاب ہیں ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ میلے میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات ضلعی مراکز میں منعقد کی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس اقدام کے حقیقی فوائد سے فائدہ اٹھا سکیں۔