عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ// ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے سید شکر اللہ رضوی نے ایران میں منعقدہ ایک انٹرا یونیورسٹی ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور پونچھ کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔
جموں و کشمیر کے ٹیبل ٹینس کے قومی کھلاڑی سید شکر اللہ رضوی اس وقت ایران کی اصفہان یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ایران کے بین یونیورسٹی ٹورنامنٹ میں یونیورسٹی بھر کے باصلاحیت کھلاڑی شامل تھے، لیکن سید شکر اللہ رضوی کی غیر معمولی مہارت اور کھیل سے لگن نے انہیں پہلی پوزیشن پر پہنچا دیا۔ رضوی کی جیت نے نہ صرف اپنے اہلِ خانہ کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ ضلع پونچھ کا نام بھی بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
سید شکر اللہ رضوی نے قومی سطح پر ریاست جموں و کشمیر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیبل ٹینس میں مسلسل اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایران میں انٹرا یونیورسٹی ٹورنامنٹ میں رضوی کی کامیابی نے اس کھیل میں اپنی مضبوط حیثیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔
اسی دوران ضلع پونچھ کے لوگوں نے سید شکر اللہ رضوی کو اُن کی شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے علمی اور کھیل دونوں شعبوں میں مسلسل کامیابیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔