عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی کابینہ نے جمعرات کو پی ایم اجولا یوجنا کے صارفین کو25 ۔2024 کیلئے 300 روپے کی ہدفی سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صنعت و حرفت کے وزیر پیوش گوئل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سکیم کے استفادہ کنندگان کو سبسڈی براہ راست ان کے کھاتوں میں ملے گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ 2024-25 کیلئے کل اخراجات 12,000 کروڑ روپے ہونے کی امید ہے۔ گوئل نے کہا کہ یہ فیصلہ خواتین کے عالمی دن سے ایک دن پہلے آیا ہے۔ مرکزی کابینہ نے گزشتہ سال ستمبر میں 2023-24 سے 2025-26 تک تین سالوں میں 75 لاکھ ایل پی جی کنکشن جاری کرنے کے لیے پردھان منتری اجولا یوجنا کی توسیع کو منظوری دی تھی۔ 75 لاکھ اضافی اجولا کنکشن کی فراہمی سے PMUY کے استفادہ کنندگان کی کل تعداد 10.35 کروڑ ہو جائے گی۔ پردھان منتری اجولا یوجنا (PMUY) مئی 2016 میں شروع کی گئی تھی جس کا مقصد ملک بھر کے غریب گھرانوں کو کھانا پکانے کا صاف ایندھن فراہم کرنا تھا۔ پی ایم یو وائی کے تحت، غریب گھرانوں کی بالغ خواتین کو ڈیپازٹ کے بغیر ایل پی جی کنکشن فراہم کیا جاتا ہے۔